ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / امریکہ کے کئی حصے سرمائی طوفان کی لپیٹ میں، واشنگٹن ڈی سی میں برفباری

امریکہ کے کئی حصے سرمائی طوفان کی لپیٹ میں، واشنگٹن ڈی سی میں برفباری

Mon, 01 Feb 2021 17:50:38  SO Admin   S.O. News Service

 نیویارک،یکم فروری (آئی این ایس انڈیا)امریکہ کے دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی اور اس سے ملحقہ ورجینیا اور میری لینڈ کی ریاستوں میں برف باری جاری ہے جب کہ موسمِ سرما کا شدید طوفان اگلے کچھ دنوں تک وسط مغربی علاقے میں شدید برف باری کا سبب بنے گا۔

دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں اتوار کی صبح آٹھ بجے تک ڈیڑھ انچ تک برف باری ریکارڈ کی گئی جب کہ ورجینیا اور میری لینڈ میں بھی برف باری جاری ہے۔

واشنگٹن ڈی سی میں دو سال کے بعد اتنی زیادہ برف پڑی ہے۔ پورے علاقے میں سرد طوفان کے پیش نظر لوگوں کو حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کے لیے خبردار کیا گیا ہے۔

موسمِ سرما کا طوفان جس نے کیلی فورنیا کی پہاڑیوں پر برف کی چادر بچھا دی اور ریاست کے دوسرے علاقوں میں بارشیں برسائیں۔ اب امریکہ کے وسط مغربی ریاستوں میں برفانی شدت کے ساتھ موجود ہے۔

امریکہ کے موسمیاتی ادارے کے مطابق طوفان وسط مغربی علاقے کے بعد ملک کی شمال مشرقی ریاستوں میں بھی برف باری کا باعث بنے گا۔

'نیشنل ویدر سروس' کے مطابق طوفان اتوار کو ریاست وسکانسن کے جنوب مشرقی حصوں سے گزر رہا ہے جہاں وہ گزشتہ دس سال میں سب سے زیادہ برف باری کا سبب بنا ہے۔

وسط مغربی علاقے میں طوفان کے راستے میں آنے والی لگ بھگ دس کروڑ آبادی کو بچاؤ کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔

حکام نے منگل سے برف باری میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے جب کہ ریاست مشی گن کی جھیل کے قریب کئی جگہوں پر 15 انچ تک برف پڑنے کا امکان ہے۔

آخری بار اس علاقے میں اتنی زیادہ برفباری 2010 اور 2011 کی سردیوں میں پڑی تھی۔

موسمیاتی ادارے کے مطابق رواں ہفتے کے آغاز میں اٹلانٹک کے وسطی حصوں اور شمال مشرقی حصوں میں شدید برف باری ہو گی۔ وسیع علاقے پر آٹھ انچ تک برف پڑ سکتی ہے۔ کئی مقامات پر کُل 18 انچ سے زیادہ برف باری کی توقع ہے۔

نارتھ کیرولائنا، ویسٹ ورجینیا اور ورجیینیا میں منجمند بارش کا بھی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔


Share: